نیویارک: ( انٹرنیشنل ڈیسک ) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جعل سازی کیس میں سزا سنا دی گئی۔ ٹرمپ کو سزا کاروباری ریکارڈ میں جعل سازی کرنے پر نیویارک جیوری نے سنائی، عدالتی حکم کے مطابق 11 جولائی کو ڈونلڈ ٹرمپ کی سزا کا اعلان کیا جائے گا۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فحش فلموں کی اداکارہ اسٹارمی ڈینئلز کو 1 لاکھ 30 ہزار ڈالر کی ادائیگی سے متعلق 34 الزامات عائد کئے گئے تھے، جیوری نے تمام الزامات کو درست قرار دیا۔
خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ یہ رقم فحش فلموں کی اداکارہ اسٹارمی ڈینئلز کو ادا کی گئی تھی۔ یاد رہے کہ امریکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی سابق امریکی صدر کو جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی گئی ہے۔
دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے فیصلہ مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقدمہ دھاندلی ہے، میں بالکل بے قصور ہوں، یہ مقدمہ میری توہین ہے، معاملہ ابھی ختم نہیں ہوا۔
اپنے ردعمل میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم آخر تک لڑیں گے یہ آئین اور قانون کیلئے جنگ ہے طویل جنگ ہوگی۔ جیوری کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دینے سے گریز کیا۔
علاوہ ازیں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے انتہائی قریبی ساتھی سینیٹر لنزی گراہم کا کہنا ہے کہ ری پبلکن لیڈر کی جانب سے اپیل عدالتی فیصلے کو اڑا کر رکھ دے گی۔