ڈالر کے انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ ریٹ کم ہوگئے

کراچی(این این آئی)پاکستان کے مختلف شعبوں میں 5 سے 8ارب ڈالر کی سعودی سرمایہ کاری کی توقعات، وزیراعظم کی سعودی سرمایہ کاروں کے لیے ترغیبات دینے کے اعلان اور پی آئی اے کی نجکاری میں 10خریداروں کی دلچسپی جیسے عوامل کے باعث منگل کو بھی زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تگڑا رہا۔درآمدات کو قابو میں لانے کے میکنزم کی وجہ سے بیرونی ادائیگیوں کا توازن بھی قابو میں آنے اور نجکاری پلان میں مزید قومی اداروں کی شمولیت سے متوقع انفلوز کے حجم میں اضافے سے انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر کی قدر تنزلی سے دوچار رہی۔

ایک موقع پر ڈالر کی قدر 28پیسے کی کمی سے 277روپے 95پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن اس دوران سپلائی میں بہتری آتے ہی مارکیٹ فورسز کی ڈیمانڈ سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 12پیسے کی کمی سے 278روپے 11پیسے کی سطح پر بند ہوئے۔اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی سپلائی زائد ہونے کے سبب ڈالر کی قدر 29پیسے کی کمی سے 279روپے 09پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف مشن کی رواں ماہ پاکستان آمد کے بعد نئے بجٹ اور نئے قرض پروگرام پر بات چیت شروع ہونے سے روپیہ مزید مستحکم ہونے کا امکان ہے۔