نیویارک: (انٹرنیشنل ڈیسک ) اقوام متحدہ میں فلسطین کی رکنیت سے متعلق جنرل اسمبلی کا خصوصی اجلاس آج ہو گا۔ جنرل اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں فلسطین کی رکنیت پر بحث ہو گی، اجلاس کی کارروائی میں فلسطین سے متعلق امریکا کے کردار کا جائزہ بھی لیا جائے گا، امریکا نے فلسطین کو ریاست کا درجہ دینے کیخلاف متعدد بار اپنے ووٹ کو ویٹو کے طور پر استعمال کر چکا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 19 اپریل کو ہونے والے سلامتی کونسل کے اجلاس میں امریکا نے اسرائیل کا ساتھ دیتے ہوئے فلسطین کی اقوام متحدہ میں مستقل رکنیت کی قرارداد ویٹو کر دی تھی، فلسطین کی مستقل رکنیت کیلئے الجزائر نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں قرارداد پیش کی تھی۔
قرارداد کے حق میں 12 ووٹ پڑے، مخالفت میں ایک ووٹ آیا، سوئٹزر لینڈ اور برطانیہ نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا، امریکا نے فلسطین کی اقوام متحدہ میں مستقل رکنیت کی مخالفت کی اور قرارداد ویٹو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد فلسطینی ریاست کا فیصلہ اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی نے کرنا ہے اقوام متحدہ نے نہیں۔