غزہ:( انٹرنیشنل ڈیسک )غزہ میں جنگ بندی کی کوششیں کے دوران صیہونی فورسزکی وحشیانہ بمباری جاری ہے،اسرائیلی فوج کے حملوں میں بچوں سمیت درجنوں فلسطینی شہید ہو گئے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے نصیرات پناہ گزین کیمپ اور غزہ شہر میں ڈرونز کے ذریعے بمباری کی، رفاہ شہرمیں رات گئے گھر پر بمباری سے2بچے شہید ہوئے جبکہ غزہ میں فضائی حملے میں متعدد فلسطینی بھی شہید ہو گئے۔
رپورٹس میں بتایاگیا کہ اسرائیلی حملوں میں 24 گھنٹوں میں خواتین اور بچوں سمیت 34 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے، اسرائیلی آبادکاروں نے غزہ میں آنے والے اردن کے امداد ی قافلے پر بھی حملہ کیا جس سے خوراک،آٹا اور دیگر انسانی امداد کو تباہ کر دیا۔
عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ غزہ کے ہسپتالوں میں جان بچانے والی ادویات سمیت دیگر تمام ضروری سامان ناپید ہوچکا ہے ،دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن غزہ میں جنگ بندی معاہدے کیلئے اسرائیل میں موجود ہیں، امریکہ، اسرائیل اور حماس جنگ بندی معاہدے تک پہنچنے کیلئےپرعزم ہے۔
انٹونی بلنکن کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ یرغمالی گھر واپس آ جائیں، اس معاہدے تک نہ پہنچنے کی واحد وجہ حماس ہے، غزہ کی پٹی میں امداد بڑھانے کی کوششوں پر بھی زور دے رہے ہیں۔