میڈرڈ: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) ہسپانوی وزیراعظم پیدروسانچز کی اہلیہ کےکرپشن سکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد سپین کی عدالت نےتحقیقات کا اعلان کیا ہے ۔ سپین کے وزیراعظم پیدروسانچز سوموار کو اعلان کریں گے کہ وہ اپنی وزارت عظمیٰ کی نشست برقرار رکھتے ہیں یا مستعفی ہوجاتے ہیں ۔
سوشلسٹ پارٹی اس سے پہلے بھی ایک اہم ممبر پر کرپشن کے کیس کا سامنا کر رہی ہے جس کی وجہ سے پیدروسانچز پر بے حد دباؤ ہے ۔ ہسپانوی وزیراعظم نے اپنی تمام تر مصروفیات معطل کردی ہیں ، ان کاکہنا ہے کہ میں سکون کے ساتھ اس پر سوچنا چاہتا ہوں ، نئے انتخابات ہونگے یا اپنی نشست چھوڑوں گا۔
سپین کے ایک اخبار کے مطابق 29مئی تک انتخابات نہیں ہوسکتے ہیں یعنی اسمبلیاں توڑی نہیں جا سکتی ۔ گزشتہ روز ہسپانوی عدالت نے وزیراعظم پیدروسانچز کی اہلیہ بیگونا گومز کے خلاف اثر و رسوخ اور کرپشن کے الزامات پر ابتدائی تحقیقات کے آغاز کا اعلان کیا، عدالت نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں کیونکہ کیس سیل اور ابتدائی مراحل میں ہے۔
ہسپانوی وزیر اعظم نے اپنی اہلیہ پر عائد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تحقیقات میں تعاون کریں گے اور اپنی بے گناہی ثابت کریں گے۔