بیروت: ( انٹرنیشنل ڈیسک ) لبنان کے عسکری گروپ حزب اللہ نے اسرائیل کے فوجی اڈے پر میزائل اور ڈرونز سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 14 اسرائیلی فوج شدید زخمی ہو گئے۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حزب اللہ نے اسرائیل کے شمالی علاقے عرب الارمشے کو نشانہ بنایا جس میں 14 اسرائیلی فوجیوں کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جبکہ زخمیوں میں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، حزب اللہ نے اسرائیل پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ لبنان کے علاقے عین بال، شہابیہ میں حزب اللہ مجاہدین کی شہادتوں کے بدلے میں کیا گیا ہے۔
ایران سے منسلک گروپ حزب اللہ نے مزید کہا ہے کہ اس نے لبنانی سرحد کے قریب شمالی اسرائیل کے عرب اکثریتی گاؤں عرب الارمشے میں ایک نئے فوجی جاسوسی کمانڈ سینٹر پر گائیڈڈ میزائلوں اور دھماکا خیز ڈرونز کے ساتھ حملہ کیا، ایران نے بھی ہفتے کے آخر میں سینکڑوں ڈرونز، کروز میزائلوں اور بیلسٹک میزائلوں سے اسرائیل پر حملہ کیا تھا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے لبنانی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ میزائل حملے میں 14 فوجی زخمی ہوئے اور 6 کی حالت تشویشناک ہے، واضح رہے کہ پیر کے روز اسرائیل نے جنوبی لبنان پر حملہ کر کے حزب اللہ کے فیلڈ کمانڈر سمیت 3 افراد کو مار دیا تھا، اسرائیلی فوج نے کمانڈر کی شناخت اسماعیل یوسف باز کے نام سے کی تھی۔