وینس(این این آئی )یورپ بھر میں پولیس نے ایک مبینہ جرائم پیشہ نیٹ ورک کے خلاف چھاپے مار کر لگژری فلیٹس، ولاز، رولیکس گھڑیاں اور اسپورٹس کاریں قبضے میں لے لی ہیں۔بھارتی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اٹلی، آسٹریا، رومانیہ اور سلوواکیا میں چھاپوں کے دوران 22 افراد کو گرفتار کیا گیا، جب کہ شک کی بنیا دپر آٹھ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ 14 کو گھروں میں نظربند کر دیا گیا ہے۔
یہ چھاپے وینس میں یورپی پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر کی سربراہی میں بڑے پیمانے پر بین الاقوامی تحقیقات کے ایک حصے کے طور پر مارے گئے۔افسران نے یورپ بھر میں پولیس فورسز کے ساتھ مل کر درجنوں چھاپے مارے اور لاکھوں کے اثاثے برآمد کیے۔اٹلی کی مالیاتی پولیس کا کہنا تھا کہ چھاپوں کے دوران حکام نے فلیٹس، ولاز، رولیکس گھڑیاں، کارٹیئر زیورات، سونا اور کرپٹو کرنسیاں ضبط کیں۔انہوں نے لگژری گاڑیاں بھی قبضے میں لے لیں جن میں ایک لیمبورگینی اروس، ایک پورشے پنامیرا اور ایک آڈی کیو 8 شامل ہیں۔