27 ویں شب: حرمین شریفین میں لاکھوں افراد کا روح پرور اجتماع

مکہ مکرمہ: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک) رمضان المبارک کی 27 ویں شب کو حرمین شریفین میں لاکھوں فرزندان توحید نے تراویح اور دعا میں شرکت کی۔ حرمین شریفین کے امور سے متعلق ویب سائٹ کے مطابق مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ میں لاکھوں افراد نے 27 شب کی تراویح اور دعا میں شرکت کی اور خصوصی عبادات کیں۔

مسجد الحرام میں تراویح کے دوران دالان، تہہ خانے، چھت، اطراف کی سڑکیں، تجارتی مراکز اور ہوٹلوں کی راہداریاں اور علاقے نمازیوں سے بھرے ہوئے تھے۔ اس سے قبل رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو بھی حرمین شریفین میں لاکھوں فرزندان اسلام نے نماز ادا کی، انتظامیہ کی جانب سے مسجد الحرام میں آنے والوں کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔

مسجد الحرام میں آمدورفت کے راستے جدا رکھے گئے تاکہ لوگ آرام سے مسجد الحرام میں داخل ہو سکیں۔ 27 ویں شب کی دعا میں شرکت کیلئے مسجد الحرام جانے والے راستوں پر ٹریفک پولیس کے اہلکار جبکہ ہجوم کو کنٹرول کرنے کیلئے بھی خصوصی ٹاسک فورس کے دستے مسجد الحرام کے اطراف میں تعینات کئے گئے تاکہ لوگ منظم طریقے سے مسجد الحرام میں داخل ہو سکیں۔