ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنے کا اعلان

واشنگٹن(این این آئی)امریکی ایوان نمائندگان نے ایک بل کی منظوری دی ہے، جس میں مقبول ویڈیو ایپ ٹک ٹاک پر اس صورت میں ملک بھر میں پابندی لگ جائے گی اگر چین میں مقیم ایپ کامالک اسے کسی اور کو فروخت نہیں کر دیتا۔ بل میں کمپنی کو اس کی پیرنٹ چینی کمپنی ‘بائٹ ڈانس’ چھوڑنے کے لیے چھ ماہ کی مہلت دی گئی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی حکام کو خدشہ ہے کہ چین کی ملکیتی کمپنی 17 کروڑ امریکی صارفین کے ڈیٹا کا غلط استعمال کر سکتی ہے جس سے امریکی قومی سلامتی کے لیے بھی خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔اس تازہ پابندی سے بچنے کے لیے چینی ٹیک کمپنی بائٹ ڈانس کو چھ ماہ کے اندر ٹک ٹاک ایپ میں اپنا حصہ بیچنے کی ضرورت ہوگی ورنہ اسے امریکی ایپ اسٹورز اور ویب ہوسٹنگ پلیٹ فارمز کی جانب سے پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔یہ بل 65 کے مقابلے میں 352 ووٹوں کی اکثریت سے منظور کیا گیا، اب سینٹ میں جائے گا۔