پاکستان کی نئی حکومت کیساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں: طالبان

کابل: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک) افغانستان کی طالبان حکومت کی جانب سے پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنے کی خواہش کا اظہار کر دیا گیا۔

اپنے ایک بیان میں طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کی نئی حکومت سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، پاکستان سے تعلقات کی توسیع، افغان تاجروں کے چیلنجز اور سرحد سے متعلق مسائل کے حل سمیت مختلف مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ترجمان طالبان حکومت نے مزید کہا ہے کہ امارت اسلامیہ ہمیشہ پاکستان سمیت اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتی ہے، پاکستان کے ساتھ اقتصادی، سفارتی، ثقافتی اور مذہبی معاملات میں اچھے تعلقات کے خواہشمند ہیں، ہمیں امید ہے نئی حکومت اس پر غور کرے گی۔

ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ افغانستان کو پاکستان کیساتھ اچھے تعلقات کی ضرورت ہے، پاکستان نے مہاجرین کی کئی برسوں تک میزبانی کی ہے اور اب انہیں مہاجرین کی واپسی تک افغانستان سے تعلقات کے حوالے سے اپنے فیصلے پر غور کرنا چاہیے۔