مسجد نبوی ؐمیں ہجوم کو کنٹرول کرنے کیلئے غیرملکی خواتین اہلکار تعینات ہوں گی

مدینہ منورہ(این این آئی)مسجد نبویۖمیں رمضان المبارک کے دوران بھیڑ پر قابو پانے کے لیے غیر ملکی خواتین اہلکار تعینات کی جائیں گی۔ ان 1352 اہلکاروں کو گفتگو اور کراڈ مینیجمنٹ کی تربیت دی گئی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی متعلقہ اتھارٹی نے حال ہی میں ان خواتین اہلکاروں کی بھرتی اور تربیت کا عمل مکمل کیا ہے۔ یہ خواتین اہلکار مسجد نبویۖ میں آنے والی خواتین کی راہ نمائی کریں گی۔ان خواتین اہلکاروں کو معمر اور معذوری یا شدید جسمانی کمزوریوں سے دوچار عبادت گزاروں کی مدد کرنے کے حوالے سے خصوصی تربیت دی گئی ہے۔رمضان المبارک عمرے اور مسجد نبویۖ کی زیارت کا سب سے بڑا سیزن ہوتا ہے۔

مسجد الحرام میں عمرہ کرنے کے بعد زائرین مسجد نبویۖ میں عبادت کے لیے آتے ہیں۔سعودی اتھارٹیز کا کہناتھاکہ انہوں نے بہت بڑی تعداد میں آنے والے زائرین کی میزبانی اور خدمت کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔رمضان کے دوران مسجدِ نبویۖ میں کم و بیش 85 لاکھ افطاریوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ماہِ مبارک کے دوران 25 لاکھ بوتل آب زم زم بھی تقسیم کیا جائے گا۔رمضان کے آغاز سے قبل مسجدِ نبویۖ میں صفائی سے متعلق تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ جائے نماز کے طور پر استعمال کیے جانے والے غالیچوں کی یومیہ صفائی کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔2023 میں 2 کروڑ 80 لاکھ سے زائد اہلِ ایمان نے مسجدِ نبویۖ میں عبادت کی تھی۔