اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) فرٹیلائزر پلانٹس کیلئے سستی گیس خریداری کے نئے معاہدوں کی تیاری شروع کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق فرٹیلائزر پلانٹس کیلئے سستی گیس خریداری کے معاہدے جون میں ختم ہو جائیں گے جس کے پیش نظر نئے معاہدوں کی تیاری شروع کر دی گئی ہے جبکہ نئے معاہدے آئی ایم ایف شرائط کے مطابق ہوں گے۔
وزارت خزانہ کی ہدایت پر توانائی ڈویژن نے فرٹیلائزر پلانٹس کے ساتھ گیس خریداری کے نئے معاہدے کرنے کی تیاری کر لی ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق نئے معاہدوں کے مطابق فرٹیلائزر پلانٹس کو گیس فی ایم ایم بی ٹی یو 760 روپے سے 1750 روپے تک فروخت کی جائے گی، 5 فرٹیلائزر پلانٹس کو کھاد کی پیداوار کیلئے گیس 580 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سے بڑھ کر 760 روپے میں ملے گی۔
فرٹیلائزر پلانٹس کو مشینری چلانے کیلئے گیس 1580 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سے بڑھ کر 1750 روپے میں ملے گی جبکہ فاطمہ فرٹیلائزر اور ایگری ٹیک کو کھاد کی پیداوار کیلئے 1597 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو گیس فروخت کی جائے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ فرٹیلائزر پلانٹس کیلئے فی ایم ایم بی ٹی یو گیس نرخوں کیلئے نئے معاہدے کا اطلاق آئندہ مالی سال سے ہونے کا امکان ہے۔