غزہ: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک) فلسطین کے مقبوضہ علاقے غزہ میں حماس کے ساتھ جھڑپ کے دوران 3 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 12 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوجی حماس کا ٹھکانہ سمجھ کر ایک عمارت کے اندر داخل ہوئے، عمارت میں داخل ہوتے ہی نصب شدہ بارودی مواد دھماکے سے پھٹ گیا اور عمارت زمین بوس ہوگئی جس کے ملبے تلے درجن سے زائد اسرائیلی فوجی دب گئے۔
اسرائیلی میڈیا نے 3 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مرنے والے فوجیوں کی ملبے کے نیچے سے لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ 14 کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا جہاں 6 کی حالت انتہائی نازک بتائی جا رہی ہے۔
غزہ میں 27 اکتوبر سے جاری جنگ کے دوران اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 245 ہو گئی جبکہ 1500 فوجی 7 اکتوبر 2023ء کو حماس کے حملے میں مارے گئے تھے، مجموعی طور پر اب تک 1745 اسرائیلی فوجی مارے جا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023ء سے اسرائیل کے غزہ پر حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 30 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ 30 ہزار سے زائد زخمی ہیں، شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔