غزہ: (انٹرنیشنل ڈیسک) عالمی عدالت انصاف کے حکم کو نظر انداز کرتے ہوئے اسرائیل کی غزہ میں دہشتگردی جاری، 24 گھنٹوں میں مزید 92 فلسطینی شہید ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز کی دیر البلا ح ،خان یونس اور رفاہ میں رہائشی علاقوں پر وحشیانہ بمباری، الشفا ہسپتال اور العمل ہسپتال پر دوبارہ بمباری میں 10 فلسطینی شہید ، 24 شدید زخمی ہوگئے۔
امداد کے منتظر فلسطینیوں پر وحشیانہ گولہ باری اور فائرنگ کی گئی، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 92 فلسطینی شہید اور 123 افراد زخمی ہوئے۔ دوسری جانب فلسطینی صحافیوں کا دیرالبلاح میں شہداء الاقصیٰ اسپتال کے باہر مظاہرہ ،جنگ کی کوریج کے دوران تحفظ کا مطالبہ کیا، غزہ جنگ کے آغاز سے اب تک 103صحافی اور میڈیا ورکرز شہید ہوچکے ہیں۔
واضح رہے اسرائیل کی غزہ میں جنگ کے نتیجے میں اب تک 30 ہزار سے زائد فلسطینی شہید کیے گئے ہیں اور ابھی یہ سلسلہ جاری ہے جبکہ زخمی 69ہزار سے زائد اور بے گھر کیے گئے فلسطینیوں کی نئی تعداد 23 لاکھ کے قریب ہے۔