افغانستان ،شدید بارش اور برفباری نے تباہی مچادی

کوہاٹ/کابل(این این آئی)افغانستان کے دو صوبوں نورستان اور پنجشیر میں شدید بارش اور برفباری نے تباہی مچادی جہاں پہاڑی اور برفانی تودے گرنے سے کم از کم 27افغان شہری لقمہ اجل بن گئے اور 10زخمی ہوگئے جبکہ صوبہ غزنی میں ٹریفک کے حادثہ میں مزید 3افراد جاں بحق اور 4دیگر زخمی ہوگئے۔سرحد پار سے موصولہ اطلاعات اور مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز پاک افغان سرحد سے متصل افغان مشرقی صوبہ نورستان کے ضلع نوگرام میں ایک وادی میں واقع ناکیرہ نامی گائوں پر برفانی تودہ گرا جس کی زد میں آکر کم ازکم 25افغان شہری جاں بحق اور کئی لاپتہ ہوگئے۔

صوبائی سربراہ مولوی گوہر اور قدرتی آفات کے سربراہ جمیع اللہ ہاشمی نے 25افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزید 8 افراد زخمی بھی ہیں۔اطلاعات کے مطابق 80کے قریب گھر مکمل یا جزوی تباہ ہوئے ہیں۔ امدادی ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔ ادھر وادی پنجشیر کے ضلع حصہ اول کے علاقہ موکنی میں بھی برفانی تودہ گرنے سے 2افغان شہری جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔افغان میڈیا کے مطابق صوبہ غزنی میں سڑک کے حادثہ میں 3افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے اور 4زخمی ہوگئے۔