ہمارے بحری جہازوں کو روکا گیا تو سخت رد عمل دیا جائے گا: ایران

تہران: (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران نے کہا ہے کہ بحیرہ احمر میں اگر ہمارے بحری جہازوں کو روکا گیا تو سخت رد عمل دیا جائے گا۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے قانونی مشیر محمد دھقان نے امریکی محکمہ قانون کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران کے بحری جہاز روکے گئے تو سخت جواب دیا جائے گا۔

محمد دھقان نے مزید کہا ہے کہ ایرانی جہاز کو اگر تحویل میں لیا گیا تو ہم اپنا ردعمل ظاہر کریں گے اور اس حوالے سے قانونی راستہ بند نہیں ہے، فی الحال یہ تصدیق نہیں کر سکتے کہ امریکی حکام نے ایرانی بحری جہاز کو قبضے میں لیا ہے یا نہیں۔ یاد رہے کہ رواں ماہ امریکی وزارت قانون کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں پاسداران انقلاب کے معاشی نیٹ ورک کو توڑنے کیلئے 5 لاکھ بیرل سے زیادہ تیل کو قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

گزشتہ برس سے بحیرہ احمر میں عالمی نقل و حرکت تعطل کا شکار ہے کیونکہ یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی جنگجو اسرائیل کے ساتھ جاری تنازع میں فلسطینی گروہ حماس کی حمایت میں بحری جہازوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔