دی ہیگ: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک) فلسطین کے مقبوضہ علاقے رفاہ میں زمینی آپریشن کرنے پر جنوبی افریقا نے اسرائیل کیخلاف عالمی عدالت انصاف میں ہنگامی درخواست دے دی۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقا نے عالمی عدالت انصاف میں دائر کی گئی درخواست میں استدعا کی ہے کہ عالمی عدالت رفاہ آپریشن رُکوانے کیلئے اپنے اختیارات استعمال کرے۔
جنوبی افریقا کے صدارتی دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رفاہ میں اسرائیلی فوجی آپریشن سے مزید ہلاکتیں، نقصان اور تباہی ہو گی، اسرائیلی آپریشن نسل کشی کنونشن اور عالمی عدالت کے 26 جنوری کے فیصلے کی سنگین خلاف ورزی ہوگی۔
جنوبی افریقا نے استدعا کی ہے کہ عالمی عدالت اسرائیل کے رفاہ میں فوجی آپریشن کے فیصلے پر اپنے اختیارات کے دائرکار کا جائزہ لے اور غزہ میں فلسطینیوں کے حقوق کی مزید خلاف ورزیوں کو روکنے کیلئے اپنے اختیارات استعمال کرے۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا نے اس سے قبل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی پر اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) سے رجوع کیا تھا۔