حتمی اور سرکاری نتائج آنے تک پاکستان کے انتخابات پر تبصرہ نہیں کریں گے، امریکا

واشنگٹن (این این آئی)ملک میں عام انتخابات کے حوالے سے ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ حتمی اور سرکاری نتائج آنے تک پاکستان کے انتخابات پر تبصرہ نہیں کریں گے۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدانت پٹیل نے پریس بریفنگ کی جہاں انہوں نے پاکستان میں عام انتخابات کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔

بریفنگ کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا امریکا پاکستان میں ہونے والے انتخابات کے نتائج کو قبول کرے گا، جس پر امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ ‘ہم انتخابی عمل کی نگرانی کررہے ہیں، جب تک حتمی اور سرکاری نتائج نہیں آتے ہم کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے پریس بریفنگ کے دوران پاکستان میں ووٹنگ کے دوران پرتشدد واقعات کی مذمت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ تشدد نے پورے پاکستان میں سیاسی جماعتوں کو متاثر کیا ہے، پاکستان کی قیادت کا فیصلہ عوام کو کرنا ہے۔انہوںنے کہاکہ امریکا کی دلچسپی جمہوری عمل میں ہے، الیکشن کے دوران آزادی اظہار پر پابندیاں پریشان کن ہیں۔