خرطوم : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) سوڈان اور جنوبی سوڈان کے درمیان متنازع علاقے ابیی میں حریف قبائل کے درمیان مسلح تصادم سے 54 افراد ہلاک اور 64 زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق سوڈان میں متنازع علاقے میں قبائلی جھڑپوں کے دوران ہلاک ہونے والوں میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے 2 اہلکار بھی شامل ہیں جبکہ امدادی سرگرمیوں کے دوران پاکستانی امن مشن کا ایک اہلکار بھی حملوں کی زد میں آکر شہید ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سوڈان کے متنازع علاقے میں حریف قبائل میں مسلح تصادم سے ہلاکتوں کی تعداد 54 تک جا پہنچی ہے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سوڈان اور جنوبی سوڈان کے متنازع علاقے میں تعینات پاکستان کا امن دستہ مقامی آبادی کے دو مریضوں کو ہسپتال لے جارہا تھا کہ ان پر فائرنگ کردی گئی ، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے سپاہی محمد طارق شہید ہوگئے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کا امن مشن دستہ دنیا بھر کے مختلف حصوں میں پیشہ وارانہ لگن کے ساتھ خدمات انجام دیتا رہا ہے، اب تک دنیا بھر میں امن کی خاطر 181 پاکستانیوں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔
خیال رہے کہ ابیی 2011 میں جنوبی سوڈان کی آزادی کے بعد سے متنازع سرحدی علاقہ ہے۔