پیانگ یانگ: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) شمالی کوریا کی جانب سے زیرآب جوہری ہتھیاروں کا تجربہ کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ امریکا ، جنوبی کوریا اور جاپان جنگی جنون میں مبتلا ہو کر مشترکہ فوجی مشقیں کررہے ہیں، ان جنگی مشقوں کے خطرناک نتائج نکلیں گے ، دشمنوں کی جنگی مشقوں کا جواب دینے کے لیے ہماری افواج زیرآب جوہری ہتھیاروں کے ذریعے جواب دینے کو تیار ہیں۔
ریاستی نیوز ایجنسی کے مطابق یہ مشقیں ملک کی سکیورٹی کے لیے سنگین خطرہ‘ ہیں اس لیے پیانگ یانگ نے ’کوریا کے مشرقی سمندر کے نیچے انتہائی اہم ایٹمی ہتھیاروں کے نظام ’ہائیل فائیو23‘ کا تجربہ کیا۔
شمالی کوریا بارہا یہ باور کراتا رہا ہے کہ وہ خطے میں کسی بھی وقت شروع ہونے والی جنگ کی تیاریوں کے سلسلے میں اپنی فوجی صلاحیت میں اضافہ کر رہا ہے۔
دوسری جانب جنوبی کوریا نے جمعرات کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے شمالی کوریا کے بڑھتے ہوئے میزائل تجربات اور دھمکیوں پر ’خاموشی توڑنے‘ کا مطالبہ کیا۔
یاد رہے کہ سلامتی کونسل نے 2006 میں شمالی کوریا کے پہلے جوہری تجربے کے بعد اس پر پابندیاں عائد کی تھیں۔