2023میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تمام رکارڈ ٹوٹ گئے

اسلام آباد (این این آئی) 2023میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تمام رکارڈ ٹوٹ گئے اور آئی ایم ایف شرائط کے تحت ملکی تاریخ میں پہلی بار فی لیٹر پیٹرول اور ڈیزل پر 60 روپے لیوی عائد کی گئی۔میڈیا کے مطابق 2023 میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 116 روپے 58 پیسے تک اضافہ ہوا، پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی میں فی لیٹر 30 روپے تک اضافہ کیا گیا، ڈیزل 30 اور پیٹرول پر فی لیٹر لیوی 10 روپے بڑھی، یوں فی لیٹر ڈیزل اور پیٹرول لیوی 60، 60 روپے ہوگئی۔

16 ستمبر 2023کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں نگران حکومت کے دور میں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر جاپہنچیں، جب فی لیٹر پیٹرول کی قیمت سب سے زیادہ 331 روپے 38 پیسے اور فی لیٹر ڈیزل کی قیمت سب سے زیادہ 329 روپے 18 پیسے ہوگئی تاہم یکم اکتوبر2023 سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا رجحان شروع ہوا جس کے نتیجے میں حالیہ 3 ماہ میں فی لیٹر پیٹرول 64 روپے 4 پیسے اور ڈیزل 52 روپے 99 پیسے سستا ہو چکا ہے۔2023کے آغاز پر فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 214 روپے 80 پیسے اور فی لیٹر ڈیزل کی قیمت 227 روپے 80 پیسے تھی، جبکہ سال کے اختتام پر فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 267 روپے 34 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 276 روپے 19 پیسے ہے۔اس وقت ایک لیٹر پیٹرول پر لیوی، مارجن، ڈیوٹیز اور ٹیکس کی مد میں 97 روپے 8 پیسے اور ڈیزل پر 97 روپے 4 پیسے وصول کیے جارہے ہیں۔