شمالی کوریا کے رہنما کا فوج کو جنگی تیاریاں تیز کرنے کا حکم

پیانگ یانگ : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے فوج، جنگی سازوسامان کی صنعت اور جوہری ہتھیاروں کے شعبے کو حکم دیا ہے کہ وہ امریکا کی جانب سے محاذ آرائی کے غیر معمولی اقدامات کا مقابلہ کرنے کے لیے جنگی تیاریوں کوتیز کردیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز ملک کی حکمران جماعت کے ایک اہم اجلاس میں نئے سال کے لیے پالیسی کی ترتیب پر بات کرتے ہوئےکہا کہ شمالی کوریا سامراج مخالف آزاد ممالک کے ساتھ سٹریٹجک تعاون کو وسعت دے گا۔

انہوں نے فوج اور جنگی سازوسامان کی صنعت، جوہری ہتھیاروں اور سول ڈیفنس کے شعبوں کو جنگی تیاریوں کو مزید تیز کرنے کا حکم دیا۔

اجلاس کے دوران انہوں نے نئے سال کے لیے اقتصادی اہداف بھی طے کیے اور اسے ملک کے پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے کو پورا کرنے کے لیے ’’فیصلہ کن سال‘‘ قرار دیا۔

کم جونگ ان نے اہم صنعتی شعبوں میں متحرک طور پر آگے بڑھنے کے لیے اہم ٹاسکس کو واضح کیا اور اعلی سطح پر زرعی پیداوار کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔