سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے این او سیز کا مقررہ مدت میں اجراء یقینی بنانے کی ہدایت

لاہور: (کامرس ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے این او سیز کا مقررہ مدت میں اجراء یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے الفلاح بلڈنگ میں سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر کا دورہ کیا، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے قائم برق رفتار ون ونڈو آپریشن کا جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر میں قائم صوبائی و وفاقی محکموں کے کاونٹرز کا معائنہ کیا اور عملے سے گفتگو کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے این او سیز کا مقررہ مدت میں اجراء یقینی بنانے کی ہدایت کی اور ون ونڈو آپریشن کے پورے نظام کا مشاہدہ کیا۔

اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یہ پنجاب حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے جس کا مقصد سرمایہ کاروں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے، 20 صوبائی و وفاقی محکمے ایک چھت تلے خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

نگران وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ فیصل آباد، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور ملتان میں بھی بزنس فیسیلیٹیشن سنٹرز فنکشنل کئے جا رہے ہیں۔