سڈنی : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) آسٹریلیا میں شدید بارشو ں سے 9 افراد ہلاک اور ایک شخص لاپتہ ہو گیا ہے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق کوئنز لینڈ کی ریاست کی پولیس کمشنر کیٹرینا کیرول نے میڈیاکو بتایا کہ 25 اور 26 دسمبر کو وکٹوریہ، نیو ساؤتھ ویلز اور کوئنز لینڈ کی ریاستوں میں طوفانی بارشیں ہوئیں جبکہ تیز ہواؤں سے گھروں کی چھتیں ٹوٹ گئیں اور متاثرہ علاقوں میں کئی درخت اکھڑ گئے۔
انہوں نے بتایا کہ مورٹن بے کے گرین آئی لینڈ کے قریب کشتی الٹنے سے3 افراد ہلاک ہو ئے، کوئنز لینڈ میں 2واقعات میں 9 سالہ بچی اور ایک خاتون سیلابی نالوں میں بہہ جانے کے بعد مردہ پائے گئے۔
طوفان کے باعث درخت گرنے سے 2افراد ہلاک ہوئے جبکہ سیلابی پانی کم ہونے کے بعد وکٹوریہ کے کیمپ گراؤنڈ میں ایک خاتون مردہ حالت میں پائی گئی۔
کوئنز لینڈ کی سرکاری کمپنی انرجیکس کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق طوفان کے بعد 90ہزار ے زائد گھر بجلی سے محروم ہو گئے ، حکام کے مطابق بجلی بحال ہونے میں کئی دن لگ جائیں گے۔