راستے میں پڑے کانچ کے ٹکڑے نے امریکی شہری کی قسمت بدل دی

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکہ میں ایک شخص جسے کانچ کا ٹکڑا سمجھ کر گھر لے آیا وہ تو 4.8 قیراط کا ہیرا نکلا،جیری ایوانز امریکی ریاست ارکنسا کے علاقے لیپانٹو کا رہائشی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک پارک سے ملنے والے اس ہیرے نے جیری کا نصیب جگادیا۔ ایک بار وہ کریٹر آف ڈائمنڈز اسٹیٹ پارک، مرفری بورو گیا تو اس کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ اس کا تو جیک پاٹ لگنے والا ہے۔اس پارک میں آنے والوں کو اس بات کی اجازت ہے کہ اگر انہیں کوئی قیمتی پتھر ملے تو رکھ لیں۔

جب سے یہ پارک قائم ہوا ہے تب سے اب تک یہاں ہیروں اور دیگر قیمتی پتھروں کے شوقین آتے رہے ہیں۔1972 میں قائم ہونے والے اس پارک سے اب تک 75 ہزار ہیرے مل چکے ہیں۔ جیری ایوانز نے جسے کانچ کا ٹکڑا سمجھا تھا اس کے بارے میں تجسس بڑھا تو وہ جیمولوجیکل انسٹیٹیوٹ گیا۔ وہاں جانچ سے تصدیق ہوگئی کہ جیری کو ہیرا ملا ہے۔2020 میں ایک امریکی کو مومیل کے علاقے سے 9.07 قیراط کا ہیرا ملا تھا۔