بحری جہازوں پر حملے: امریکا کا یمنی حوثیوں کیخلاف 10 ملکی اتحاد قائم کرنے کا اعلان

واشنگٹن: (انٹرنیشنل ڈیسک) بحیرہ احمر میں بحری جہازوں پر حملوں کا جواب دینے کیلئے امریکا نے یمن کے حوثیوں کیخلاف 10 ملکی اتحاد قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 10 ملکی اتحاد میں امریکا کے علاوہ برطانیہ، کینیڈا، فرانس، اٹلی، سپین، ناروے، نیدر لینڈ، بحرین اور سیشلز شامل ہیں، گزشتہ ماہ یمن کے حوثیوں نے بحیرہ احمر میں اسرائیلی تاجر کا بحری جہاز اغوا کر لیا تھا جبکہ کئی جہازوں پر حملوں کا دعویٰ بھی کیا تھا۔

یمنی حوثیوں کے بحری جہازوں پر حملوں کے بعد ڈنمارک، جرمن، فرانس، برطانیہ، ناروے اور تائیوان کی کمپنیوں نے بحیرہ احمر کے راستے تیل بردار جہازوں کی آمد ورفت معطل کر دی تھی۔

واضح رہے کہ اسرائیل کے دورے پر امریکی وزیر دفاع نے حوثیوں کے حملوں کیخلاف بین الاقوامی میری ٹائم اتحاد بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ حوثیوں کے حملے خطرناک اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، اسرائیل کیلئے امریکی حمایت غیر متزلزل ہے۔