سیمنٹ کے برعکس تعمیراتی سریے کی قیمت میں ریکارڈ کمی

کراچی(این این آئی)ملک میں سیمنٹ کے برعکس تعمیراتی سریا کی قیمت میں ریکارڈ کمی ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق روپے کی قدر میں اضافے کے زیراثر مارکیٹ میں سریے کی قیمت میں نمایاں کمی ہوئی ہے،تاجروں کے مطابق فی ٹن سریے کی قیمت 3 لاکھ 5 ہزار سے کم ہوکر 2 لاکھ 45 ہزار روپے ہوگئی۔

تاجروں کے مطابق اس وقت مارکیٹ میں لوکل سریے کی فی ٹن قیمت 2 لاکھ 45 ہزار ہے جبکہ برانڈڈ سریے کی فی ٹن قیمت 2 لاکھ 63 ہزار سے 2 لاکھ 65 ہزار تک ریکارڈ کی گئی ہے۔دوسری جانب ملک بھر میں سیمنٹ کی پرچون قیمت میں ہفتہ وار بنیادوں پر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط قیمت 1276 روپے ریکارڈ کی گئی جو پیوستہ ہفتے کے مقابلے میں 0.35 فیصد زیادہ ہے، اس دوران ملک کے شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط قیمت 1271 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔ خیال رہے کہ رواں سال ملک بھر میں تعمیراتی سامان کی لاگت میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا جس کے بعد تعمیراتی صنعت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی، تعمیرات میں استعمال ہونے والے بجری اور سیمنٹ وغیرہ کی قیمتیں بھی آسمان پر جا پہنچی ہیں۔