ہرحلقےسے ٹکٹ کی 13، 13 درخواستیں ہیں، رانا ثناء اللّٰہ

ہرحلقےسے ٹکٹ کی 13، 13 درخواستیں ہیں، رانا ثناء اللّٰہ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ ہر حلقے میں ہمارے پاس ٹکٹ کی 13، 13 درخواستیں آئی ہیں، دیہی علاقوں میں ن لیگ کی پوزیشن بہت مضبوط ہے، 10 دن انتخابی مہم چلائی تو شہروں میں بھی صورت حال واضح ہو جائے گی۔

جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ العزیزیہ ریفرنس میں 12 دسمبر کو نواز شریف کی بریت کا فیصلہ آجائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کیس کے حقائق، مندرجات میں پراسیکیویشن کو پھر موقع دیا جائے کہ غلط بات کو دوبارہ ثابت کرے؟ ہمیں یقین ہے کہ ہم بے گناہ اور بے قصور ہیں، یہ کیس بنتا ہی نہیں تھا، میرٹ پر فیصلہ یہی بنتا ہے کہ کیس سرے سے تھا ہی نہیں، فیصلہ عدالت نے کرنا ہے، ہمیں پوری امید ہے کہ انصاف ملے گا۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ اگر فیصلہ خلاف آیا تو انصاف کا دوسرا دروازہ کھٹکھٹائیں گے، نیب کے وکلا نے آئندہ سماعت پر بحث کرنی ہے، میرا نہیں خیال کہ ان کے پاس کوئی مواد موجود ہے۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے یہ بھی کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پاس بلے کا نشان رہنے دیں اور انہیں ڈور ٹو ڈور کمپین کرنے دیں، گلی محلوں میں جا کر ساری صورتحال واضح ہوجاتی ہے، 10 دن کی مہم کے بعد شہری علاقوں میں بھی صورتحال واضح ہوجائے گی۔