نواز شریف سے ملاقات ہوئی نہ ارادہ ہے، مفتاح اسماعیل

نواز شریف سے ملاقات ہوئی نہ ارادہ ہے، مفتاح اسماعیل

سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نےکہا ہے کہ نواز شریف سے ملاقات ہوئی نہ ارادہ ہے، مسلم لیگ ن کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے چکا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکٹورل پروسیس اور سیاست سے دور ہوگیا ہوں، معیشت سے متعلق پڑھتا ہوں اور کاروبار کرتا ہوں۔

جیو نیوز کے پروگرام’کیپٹل ٹاک‘میں گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ کوئی نہیں بتا رہا کہ ملک کے مسائل کیسے حل ہوں گے؟ تمام لیڈرز قابل ہیں، لیکن پلان تو بتانا چاہیے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ابھی فی الحال لکھنے پڑھنے پر توجہ ہے اور کاروبار کر رہا ہوں، اگلے چند ماہ تک سیاست میں انٹری کا کوئی ارادہ نہیں، الیکشن میں بھی حصہ لینے کا کوئی ارادہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں آج گندم سستا ہوگیا، چیزیں بہتر ہورہی ہیں، مشکل وقت گزر گیا، امید ہے کہ بہتری آئے گی، دنیا بھی نہیں چاہتی کہ ہم ڈیفالٹ کریں، دنیا بھر میں گندم اور خام تیل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔

مفتاح اسماعیل نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو کچھ مشکل فیصلے لینے پڑیں گے، ہمیں پالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت ہے، اسمگلنگ روکی جائے اور  ایکسپورٹ پر توجہ دی جائے۔

سابق وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ہر جماعت میں ایسے لوگ ہیں جو نجکاری کے خلاف ہیں، اسٹیل مل 8 سال سے بند ہے، تنخواہیں آج بھی جا رہی ہیں۔