عائشہ منزل پر فرنیچر کی دکانوں میں آگ لگ گئی

کراچی کے علاقے عائشہ منزل کے قریب فرنیچر کی دکانوں میں آگ لگ گئی ہے، جو عمارت کی چوتھی منزل تک پہنچ چکی ہے۔

آگ فوم کے گدوں کی دکان میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہے، جس نے قریبی دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا ہے، عمارت سے ایک شخص کو جھلسی ہوئی حالت میں نکالا گیا ہے۔

عمارت سےخیریت سے نکل آئے ہیں، متاثرہ عمارت کی مکین

متاثرہ عمارت کی رہائشی خاتون الماس کا کہنا ہے کہ میں عمارت کی چوتھی منزل پر رہائش پذیر ہوں، ہم تمام لوگ محفوظ ہیں، ہمیں بروقت باہر نکلنے کی ہدایت کی گئی تھی، جس کے بعد تمام لوگ اپنے بچوں سمیت عمارت سے باہر آگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چوکیداروں کی مدد سے بلڈنگ سے نکل آئے،جو بھی ہاتھ میں آیا فلیٹ سے نکلا، قریبی عمارتوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

الماس کے ساتھ ایک اسپیشل بچہ بھی موجود تھا جسے با حفاظت باہر نکال لیا گیا ہے، خاتون کا کہنا ہے کہ میں 20 سال سے اس بلڈنگ میں رہائش پذیر ہوں، آگ لگنے کے بعد ہم قریبی ہوٹل پر بیٹھے ہوئے ہیں، جہاں سب لوگ خیریت سے ہیں۔

کراچی: عائشہ منزل پر فرنیچر کی دکانوں میں آگ لگ گئی

اس حوالے سے فائر آفیسر ہمایوں خان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 6 فائر ٹینڈر آگ بجھانے میں مصروف ہیں، اسنارکل کو بھی طلب کرلیا گیا ہے، آگ عمارت کی چوتھی منزل تک پہنچ چکی ہے۔

ترجمان واٹرکارپوریشن کا کہنا ہے کہ نیپا اور سخی حسن ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

چیف ایگزیکیٹو آفیسر (سی ای او) واٹر کارپوریشن صلاح الدین احمد کا کہنا ہے کہ متاثرہ مقام پر متعدد ٹینکرز روانہ کردیے ہیں، انچارج ہائیڈرنٹس سیل فائر بریگیڈ حکام سے مکمل رابطے میں ہے، آگ پر مکمل قابو پانے تک فائر بریگیڈ کو پانی کے ٹینکرز دیں گے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ضلع وسطی کا کہنا ہے کہ  عمارت سے لوگوں کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ رہائشی عمارت میں لوگ موجود ہیں، انہیں نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیوں کو طلب کیا جا رہا ہے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا نوٹس

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے عائشہ منزل پر فرنیچر کی دکان اور بلڈنگ میں آگ لگنےکا نوٹس لے لیا ہے۔

گورنر سندھ نے بلڈنگ کے اندر موجود افراد کے بحفاظت انخلاء یقینی بنانےکی ہدایت کی ہے۔

گورنر سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ آگ پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئےکار لائے جائیں۔

آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں: میئر کراچی

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کیلئے فائر بریگیڈ کا عملہ موجود ہے، عمارت میں اس وقت کتنے لوگ ہیں یہ کہنا قبل از وقت ہوگا، فائر سیفٹی کیلئے جامع اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ اس وقت ہماری کوشش ہے کہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکیں۔