پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا انٹرا پارٹی الیکشن فراڈ ثابت ہوا۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران اکبر ایس بابر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 2013ء کے انٹرا پارٹی الیکشن میں ہزاروں لوگوں نے حصہ لیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس بار صرف ان لوگوں کو کاغذات نامزدگی دیے گئے جو پہلے سے منتخب ہو چکے تھے۔
پی ٹی آئی کے بانی رکن نے مزید کہا کہ جو لوگ سلیکٹ ہوئے وہ پہلے سے سلیکٹڈ تھے، ان کے علاوہ کسی نے کاغذات نامزدگی نہیں جمع کروائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ہو، پیپلز پارٹی یا پی ٹی آئی ہو، ان جماعتوں میں انٹرا پارٹی الیکشن نہیں ہوتے بلکہ سلیکشن ہوتی ہے۔
اکبر ایس بابر نے یہ بھی کہا کہ کیا الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو کہا تھا کہ اس بھونڈے انداز میں انٹرا پارٹی الیکشن کروائے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا انٹرا پارٹی الیکشن فراڈ تھا، کل پارٹی سیکریٹریٹ گیا تو ان کے نمائندے کہہ رہے تھے یہ تو بس کاغذی کارروائی ہے۔