مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ پارٹی کی انتخابی مہم نواز شریف کے عدالتوں مقدموں سے مشروط ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ پارٹی قائد نواز شریف کے مقدموں کا فیصلہ ہوجائے تو بھرپور قومی مہم کو لیڈ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف مقدمے کے جھوٹے ہونے کی گواہی دشمن بھی دے چکے، ن لیگی قائد کے خلاف بنائے گئے مقدمات سازش کا حصہ تھے۔
ن لیگی سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ جن کرداروں نے نواز شریف کے خلاف سازش کی وہ اب ملک سے رخصت ہوگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں پر کسی کا سایہ نہیں، امید ہے نواز شریف پر بنے جھوٹے مقدمے ختم ہوجائیں گے۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کو اپنا بنیادی حق ملنے کے بعد مسلم لیگ ن کی طرف سے وہ وزیراعظم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے کسی پر جملوں سے حملہ نہیں کیا، پیپلز پارٹی کی طرف سے بلاول بھٹو البتہ بیانات دیتے نظر آ رہے ہیں۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ نواز شریف کو سیاست سے باہر کرکے 2017ء میں لیول پلیئنگ فیلڈ چھینی گئی، لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کی سب سے بڑی شکار ن لیگ رہی ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کو بحال کر کے چھینی گئی لیول پلیئنگ فیلڈ ہمیں واپس کی جائے۔