پارٹی کا فیصلہ سی ای سی کرتی ہے، بعض تناظر میں آصف زرداری نے ایسا کہا ہے کہ وہ امیدوار نہیں ہیں۔ خورشید شاہ
سکھر ( نیوز ڈیسک ) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئررہنما اور سابق اپوزیشن لیڈرخورشیداحمد شاہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو وزیراعظم کے امیدوار ہیں۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہاکہ بلاول بھٹو وزیر اعظم کے امیدوار ہیں،آصف زرداری نے جو کہا اسے سمجھنے کی ضرورت ہے، پارٹی کا فیصلہ سی ای سی کرتی ہے، بعض تناظر میں آصف زرداری نے ایسا کہا ہے کہ وہ امیدوار نہیں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم کسی پر دبائو ڈال کر سیاست نہیں کرتے، 55 سال سے اصولوں کی سیاست کر رہے ہیں، روٹی، کپڑا اور مکان ہمارا منشور ہے۔ ہمارے لیڈرنے جو وعدے کیے وہ پورے کیے ، کوئی اور جماعت بتا دیں جس نے اپنے منشور پر عمل کیا ہو، ایم کیو ایم اقتدار میں رہی اب ووٹ کیلئے جا رہی ہے تو کچھ ڈرامہ تو کرے گی۔
خورشید شاہ نے کہاکہ نواز شریف کہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ ہماری ہے، چیئرمین پی ٹی آئی بھی ایسے ہی کہتے تھے۔
اسٹیبلشمنٹ ایک ادارہ ہے جو ہر طبقے کا ہے۔رہنما پیپلزپارٹی نے کہاکہ سندھ میں ایک بندرگاہ ہے،جہاں سے ملک بھر میں تجارت ہوتی ہے مگر سندھ میں ایک موٹروے نہیں بنائی گئی، سندھ میں کوئلے سے 2600 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، سندھ میں کوئلے سے پیدا ہونے والی بجلی20 ہزار میگاواٹ تک جائے گی مگر سندھ کی گیس بند کردی گئی۔ خورشید شاہ نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد دیواروں پر لکھے صوبائی حقوق کے نعرے ختم ہوئے، یہ ترمیم پہلے ہوتی تو بنگلادیش نہ بنتا۔خورشید شاہ نے صاف شفاف انتخابات کو الیکشن کمیشن کے لیے چیلنج قرار دیا۔دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنماء جاوید لطیف کا کہنا ہے یہ سوچنا بھی گناہ ہے کہ نوازشریف ملک کو اس حال میں چھوڑ کر جائیں گے۔