اگر وعدے سچ ہوتے تو پاکستان کے یہ حالات نہ ہوتے، مصطفیٰ کمال

فائل فوٹو۔
فائل فوٹو۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ  اتنے سالوں میں کئے گئے وعدے سچ ہوتے تو پاکستان کے یہ حالات نہیں ہوتے۔ بلاول پورے پاکستان میں جلسے کر کے کہتے ہیں کہ ہمیں وزیر اعظم بناؤ۔

مصطفیٰ کمال نے ان خیالات کا اظہار کراچی کے علاقے برنس روڈ میں مرکزی الیکشن آفس کے افتتاح کے دوران کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ انیس قائم خانی اور دیگر بھی موجود تھے۔ 

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھ میں کوئی ایک یونین کونسل نہیں جس کی مثال ماڈل یو سی کے طور پر دی جا سکے۔ کیا پیپلز پارٹی والے لاہور یا سیالکوٹ کو یہ کہہ سکتے ہیں کہ اس کو کراچی جیسا بدتر بنائیں گے؟

انہوں نے کہا کہ آج سندھ کے ہر محکمے میں رشوت اور اقربا پروری عروج پر ہے۔ 

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جب ہم منتشر تھے مینڈیٹ منقسم تھا تو انہوں نے ہمارے مینڈیٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔ آج متحد ایم کیو ایم نے ان کی سازشوں کو پارا پارا کر دیا ہے۔ ہم نے مردم شماری میں اپنے اتحاد کی کامیابیوں کا ٹریلر دکھایا۔ 

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں کراچی دنیا کے 12 تیزی سے ترقی کرتے شہروں میں شامل تھا۔ آج انسانوں کے رہنے کی بدترین جگہوں میں دنیا میں آخری 4 نمبر پر ہے۔ ہمارے گھروں میں پینے کا پانی آتا نہیں سیوریج کا پانی جاتا نہیں۔ 

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کیا اسپتال کیا سڑکوں کی بات کروں سب کی حالت غیر ہے۔ پڑوسی چاند پر اور کراچی کا بچہ کھلے مین ہول میں گر کر مر جاتا ہے۔