لیول پلیئنگ فیلڈ یہ نہیں کہ پی ٹی آئی کے تمام لوگوں کو جیلوں میں ڈال دیں۔ سابق صوبائی وزیر کی عدالت پیشی پر گفتگو
لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی رہنماء ڈاکٹریاسمین راشدنے کہا ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ یہ نہیں کہ پی ٹی آئی کے تمام لوگوں کو جیلوں میں ڈال دیں۔ 9مئی کے مقدمے کے ٹرائل میں پیشی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو الیکشن میں پورا موقع ملنا چاہیئے، صحت مند ہوں اور پہلے سے کافی بہتر ہوں ، میں پی ٹی آئی کے ساتھ ہوں اور رہوں گی۔
ایک سوال کے جواب میں سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ نواز شریف جب بیمار تھے تو ان کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کیا تھا، میں 73 سالہ ہوں اور کینسر کی مریضہ ہوں لیکن اس کے باجود قائم ہوں اور الیکشن لڑوں گی۔ اس موقع پر سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے انسدادِ دہشت گردی عدالت میں میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں، 9 مئی کا فائدہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو ہوا اور جو کہتے تھے چیرمین پی ٹی آئی فتنہ ہے وہ سب سے بڑا فتنہ ہیں اور وہ لوگ 9 مئی کے واقعات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
گذشتہ روز لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد اور عمر سرفراز چیمہ کا وزیر اعظم ہائوس لاہور حملہ کیس میں جسمانی ریمانڈ دینے کی لاہور پولیس کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا تھا، 9 مئی واقعات کے حوالے سے درج مقدمات میں پہلے ہی جوڈیشل ریمانڈ پر موجود پی ٹی آئی پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد اور سابق گورنر پنجاب کو لاہور پولیس نے وزیر اعظم ہائوس لاہور پر حملے کے مقدمے میں نامزد کرکے گرفتار کرلیا، نئے کیس میں نامزدگی کے بعد پنجاب پولیس نے ڈاکٹر یاسمین راشد اور عمر سرفراز چیمہ کو عدالت میں پیش کیا اور ان کا 30 دن کا جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج عبہر گل نے درخواست پر سماعت کی، تفتیشی افسر نے درخواست کی کہ یاسمین راشد اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ سے ملک اور فوج کے خلاف سازش کے بابت تفتیش کرنی ہے، تاہم انسداد دہشت گردی عدالت نے تفتیشی افسر کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کردی، عدالت نے یاسمین راشد اور عمر سرفراز چیمہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے 4 دسمبر تک پولیس سے مقدمے کا ریکارڈ طلب کر لیا۔