کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں گھر میں ڈکیتی کے کیس میں گرفتار زیرِ تربیت ڈی ایس پی سے تفتیش کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی۔
ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق ڈی ایس پی عمیر طارق اور ساتھیوں سے تحقیقاتی ٹیم تفتیش کرے گی اور مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی نگرانی ایس ایس پی ویسٹ مہروز علی کریں گے۔
زیرِ تربیت ڈی ایس پی عدالت میں پیش
علاوہ ازیں زیرِ تربیت ڈی ایس پی عمیر طارق کو تاجر کے گھر میں ڈکیتی کے کیس میں جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
پولیس کے مطابق پولیس اہلکاروں نے اورنگی ٹاؤن میں تاجر کے گھر پر ڈکیتی کی تھی، ملزمان کے خلاف پیر آباد تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مدعی مقدمہ کے مطابق ملزمان نے 2 کروڑ روپے اور 70 سے 80 تولہ سونا لوٹ لیا تھا۔
پولیس کے مطابق زیرِ تربیت ڈی ایس پی اور ساتھی پولیس اہلکار بھی اس مقدمے میں گرفتار ہیں۔
زیرِ تربیت ڈی ایس پی کے دو گن مین خرم علی اور فرحان بھی مقدمے میں نامزد ہیں۔
پولیس یونیفارم اور سادہ لباس درجن سے زائد ملزمان کے خلاف پیر آباد تھانے میں مقدمہ درج ہے۔