کراچی میں شہری تھانوں کے باہر بھی محفوظ نہیں رہے، شارع فیصل تھانے آنے والا شہری شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کا شکار ہوگیا۔
دو ملزمان اسلحے کے زور پر شہری کو اغوا کرکے باآسانی اپنے ساتھ لے گئے اور پھر گاڑی اور نقدی لے کر اسے سپر ہائی وے پر اتار کر فرار ہوگئے۔
شارع فیصل تھانے کے گیٹ سے دو ملزمان اسلحہ کے زور پر شہری محمد علی کو اس کی گاڑی سمیت اغوا کرکے ساتھ لے گئے، محمد علی اپنے دوست کے حادثے کے سلسلے میں تھا نے سے باہر آیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ شارع فیصل تھانے میں درج کرلیا گیا، مقدمے میں شارٹ ٹرم کڈنیپنگ اور اغوا کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان شہری محمد علی کو شارع فیصل سے اغوا کرکے فیڈرل بی ایریا بلاک 10 لے کر گئے، جہاں ملزمان نے شہری کے اے ٹی ایم کارڈ سے ایک لاکھ 80 ہزار روپے بھی نکلوائے۔
فیڈرل بی ایریا سے رقم نکلوانے کے بعد ملزمان نے سپر ہائی وے ٹول پلازہ کے قریب شہری کو گاڑی سے اتارا اور فرار ہوگئے، ملزمان 3 گھنٹے سے زائد شہری کو اسلحہ کے زور پر شہر بھر میں گھماتے رہے۔