کک بیکس کے الزامات، مونس الہٰی کے دائمی وارنٹِ گرفتاری جاری

مونس الہٰی---فائل فوٹو
مونس الہٰی—فائل فوٹو 

احتساب عدالت کی جانب سے سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے صاحبزادے مونس الہٰی کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے۔

احتساب عدالت نے مونس الہٰی کے خلاف تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مونس الہٰی کی عدم پیشی پر انہیں اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے، ان کی گرفتاری کے لیے دائمی وارنٹِ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں۔

یاد رہے کہ سینئر سیاسی رہنما پرویزالہٰی اور اُن کے بیٹے مونس الہٰی سمیت دیگر کے خلاف کک بیکس کے الزامات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

پسِ منظر

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کی احتساب عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی مبینہ کک بیکس وصولی کے کیس میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کے صاحبزادے مونس الہٰی کو اشتہاری قرار دیا تھا۔

احتساب عدالت کے جج نسیم احمد ورک نے نیب کی درخواست پر کارروائی کی تھی۔

عدالت نے مونس الہٰی کی جائیدادوں کا ریکارڈ بھی طلب کرتے ہوئے جائیدادوں کو قرق کرنے کی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔