اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت شروع

----فائل فوٹو
—-فائل فوٹو

چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت شروع ہو گئی۔

 آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین اڈیالہ جیل سماعت کر رہے ہیں۔

چئیرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر اور بیرسٹر عمیر نیازی، ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی اور شاہ خاور عدالت میں پیش ہوئے۔

شاہ محمود قریشی اور چیئرمین پی ٹی آئی بھی کمرۂ عدالت میں موجود ہیں۔

اس کے علاوہ شاہ محمود قریشی کی 2 بیٹیاں اور چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنیں اور بھانجا بھی کمرۂ عدالت میں موجود ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی اڈیالہ جیل پہنچ گئیں۔

’’سائفر کیس کے ٹرائل میں مزید 5 سے 6 ہفتے لگ سکتے ہیں‘‘

اس سے قبل گفتگو کرتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے اسپیشل پراسیکیوٹر شاہ خاور نے کہا تھا کہ عدالت نے ملزمان کے فیملی ممبرز کو سماعت میں آنے کی اجازت دی ہے۔

شاہ خاور کا کہنا ہے کہ سائفر کیس کے ٹرائل میں مزید 5 سے 6 ہفتے لگ سکتے ہیں۔

پراسیکیوٹر شاہ خاور کا کہنا ہے کہ فریقین کا اتفاق ہو چکا ہے، ہر سماعت پر 3 گواہان پیش ہوں گے، گزشتہ سماعت پر وکیل صفائی کی عدم دستیابی کے باعث گواہان پیش نہیں ہوئے تھے، آج 3 گواہان پیش کریں گے۔

اڈیالہ جیل کی سیکیورٹی سخت

سائفر کیس کی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل کے باہر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ جیل کے اطراف سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔