الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز (ڈی آر اوز) اور ریٹرننگ آفیسرز (آر اوز) کی تعیناتی سے متعلق خبروں کو بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیدیا۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں ای سی پی ترجمان نے کہا کہ ریٹائرڈ آفیسرز کی بطور ڈی آر اوز اور آر اوز تعیناتی کی گمراہ کن خبریں چلائی گئی ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ای سی پی نے تاحال ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا، ادارہ ایسی تمام بے بنیاد خبروں کی مکمل طور پر تردید کرتا ہے۔
ترجمان نے یہ بھی کہا کہ صوبائی الیکشن کمشنرز کو ڈی آر اوز اور آر اوز کی تعیناتی کےلیے فہرستوں سے متعلق مراسلے بھجوائے گئے ہیں۔
ای سی پی ترجمان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن غیر جانبدارانہ انتخابات یقینی بنانے کےلیے ڈی آر اوز، آر اوز کی تعیناتی کو اہم سمجھتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی تمام آئینی ذمے داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔