عوام پر مزید بوجھ نہیں ڈالا جائے گا، نگراں وزیر خزانہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہے کہ عوام پر مزید بوجھ نہیں ڈالا جائے گا، وفاقی حکومت کفایت شعاری کی پالیسی اپنائے گی۔

آئی ایم ایف سے مذاکرات پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کا کہنا تھا کہ ٹیکس ہدف 9 ہزار 415 ارب روپے رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اخراجات میں کفایت شعاری کی پالیسی اپنائے گی، انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کو یقین دہانی کروائی اخراجات میں کمی کر کے بجٹ خسارہ قابو میں رکھیں گے۔

ڈاکٹر شمشاد اختر کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔ آئی ایم ایف کو نگراں حکومت کے اقدامات پر مکمل بھروسہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام اور ڈویلپمنٹ اخراجات پر آئی ایم ایف نے اطمینان کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ عالمی مالیاتی ادارہ 9 ہزار 415 ارب کا سالانہ ٹیکس ہدف برقرار رکھنے پر رضامند ہوگیا، منی بجٹ نہیں آئے گا۔