استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما مراد راس کا کہنا ہے کہ یہ نہیں ہوتا کہ آپ نے پارٹی بدل لی تو نظریہ بدل گیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد راس نے کہا کہ میں یہاں کرپشن کی تو بات ہی نہیں کر رہا، اہلیت کی بات کر رہا ہوں۔
مراد راس کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں 10 دفعہ بھی حکومت میں آیا تو میرا وزیراعلیٰ یہی ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کو اس اہلیت پر رکھا گیا کہ اس کے گھر بجلی نہیں، پانی نہیں آ رہا، ہم سب سمجھتے تھے کہ قومی اسمبلی چھوڑنے کا فیصلہ نہیں کرنا چاہیے تھا، ہم نےدیکھا پارٹی کس طرف جا رہی ہے، کون لے کر جا رہا ہے، وہ نام سب کو پتہ ہیں، آپ دیکھ رہے ہیں یہاں مختلف جماعتوں کے لوگ بیٹھے ہیں۔
استحکام پاکستان پارٹی کا کہنا ہے کہ یہاں ہم ہر روز پریس کانفرنس کر سکتے ہیں، اتنے لوگ شامل ہو رہے ہیں، آگے الیکشن آ رہا ہے پارٹی کی پوری تیاری ہو رہی ہے، مل کر سب پوری جدوجہد کے ساتھ الیکشن لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اسی نظریے سے اپنے ملک کے لیے کام کر رہے ہیں، نہ ہم سے کسی نے رابطہ کیا ہے نہ ہم نے کسی سےرابطہ کیا ہے، آئی پی پی میں 95 فیصد لوگ پی ٹی آئی سے ہیں، جو یہ کہتے ہیں آئی پی پی جوائن کریں کیسز ختم ہو جائیں گے، سب جھوٹ ہے، مجھ پر کیسز ہیں، میں شامل تفتیش ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم تو 5 سے 6 ماہ سے زمان پارک جا ہی نہیں رہے تھے ہمارا داخلہ بند تھا، الیکشن پوری جدوجہد کے ساتھ لڑیں گے جہانگیر ترین اور علیم خان نے روڈ میپ دے دیا ہے۔