نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تقرری کے معاملے پر سابق اپوزیشن لیڈر اکرم درانی نے کہا ہے کہ صوبے میں سیاسی بحران ہے، آج ہی نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کا مسئلہ حل کریں گے۔
ایک بیان میں اکرم درانی نے کہا کہ پوری تیاری کے ساتھ نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری پر بات کروں گا، محمود خان کو بھی راضی کرلوں گا میری بات سے کوئی انکار نہیں کرتا۔
ان کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعلیٰ کے لیے متوقع نام سیاست دان اور بیوروکریٹ کے ہوسکتے ہیں، کوئی اعظم خان کے کردار پر انگلی نہیں اٹھا سکا، ان کا چناؤ اس لیے کیا تھا کہ وہ نیک انسان تھے۔
دوسری جانب نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تقرری کے لیے آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں اہم ملاقات ہوگی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ محمود خان اور سابق اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کی ملاقات ہوگی جس میں نئے نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری پر مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کے لیے 3 دن میں دونوں رہنماؤں کو ایک نام فائنل کرنا ہوگا۔
یاد رہے کہ نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔