مسلم لیگ (ن) کا وفد جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) سندھ کے صدر علامہ راشد سومرو کے گھر پہنچ گیا۔
ترجمان جے یو آئی سندھ کے مطابق ن لیگی وفد میں سردار ایاز صادق، سعد رفیق، بشیر میمن، کھیئل داس کوہستانی اور دیگر شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق دوران ملاقات میں ن لیگی وفد نے راشد سومرو سے برادر نسبتی کے انتقال پر تعزیت کی اور انہیں نواز شریف کا پیغام پہنچایا۔
جے یو آئی ترجمان کے مطابق ن لیگی وفد نے سندھ میں گرینڈ الائنس کی تشکیل پر تفصیلی مشاورت کی۔
اس موقع پر علامہ راشد سومرو نے ن لیگی وفد کو بتایا کہ سندھ میں گرینڈ الائنس کے نتیجے میں بڑا سرپرائز دیں گے، سندھ کے عوام کو اب محرومیوں سے نکالنے کا وقت آچکا ہے۔
راشد سومرو نے نواز شریف، مریم نواز اور شہباز شریف کو 30 نومبر کے جلسے میں شرکت کی دعوت دی۔
دوران ملاقات سعد رفیق نے کہا کہ لاڑکانہ جلسے میں ن لیگ کی اعلیٰ قیادت شریک ہوگی۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ سندھ کے عوام کی امنگوں کے مطابق متبادل قیادت سامنے لائی جائے۔