گورنر خیبر پختونخوا نے سوچ بچار شروع کردی

نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری: گورنر خیبر پختونخوا نے  سوچ بچار شروع کردی

گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے نگراں وزیر اعلیٰ کی تقرری کے معاملے پر سوچ بچار شروع کر دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر غلام علی نگراں وزیر اعلیٰ کی تقرری کیلئے قانونی و آئینی ماہرین سے مشاورت کر رہے ہیں، وزیر اعظم ملک سے باہر ہیں، گورنر ان سے موجودہ صورتحال پر مشاورت کریں گے۔

خیبر پختونخوا کے نگراں وزیر قانون سید ارشد حسین شاہ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگراں وزیر اعلیٰ کے انتقال کی صورت میں نئے وزیر اعلیٰ کی تقرری پر آئین و قانون خاموش ہے، خیبر پختونخوا کی نگراں کابینہ ابھی تحلیل نہیں ہوئی۔

جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے کہا کہ  نگراں کابینہ اس صورت تحلیل ہوتی ہے جب وزیر اعلیٰ استعفیٰ دیں، صوبائی کابینہ تب تحلیل ہوتی جب نگراں وزیر اعلیٰ مستعفی ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ نگراں وزیر اعلیٰ کی تقرری سے متعلق آئینی و قانونی مشاورت جاری ہے۔