سپریم کورٹ نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی کیخلاف کارروائی کی درخواست نمٹا دی

مناسب ہوگا دراخواست گزار مجاز فورمز سے رجوع کریں، سپریم کورٹ کا درخواستگزار کو حکم

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سپریم کورٹ نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض کے خلاف دائر درخواست پر متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ سمیت تین رکنی بینچ نے درخواستگزار کی طرف سے جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے خلاف اغواء سمیت دیگر الزامات پر دائر درخواست پر سماعت کی ۔سابق آئی ایس آئی چیف فیض حمید کے خلاف ٹاپ سٹی ہاؤسنگ کے مالک نے مبینہ طور پراغوا اورزمینوں کے معاملات پر سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا،درخواستگزار نے موقف اپنایا کہ مجھے اور فیملی ارکان کو غیر قانونی حراست میں رکھا گیا۔
وفاقی حکومت کو ذمہ داران فریقین کے خلاف کاروائی کا حکم دیا جائے۔ درخواست گزار اپنے وکیل حفیظ الرحمان چوہدری کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ نے بہت سنگین الزامات عائد کیے ہیں، کیا وکالت نامہ جمع کرایا گیا ہے؟ وکیل نے کہا کہ ابھی وکالت نامہ جمع کروا دیتے ہیں، سماعت میں کچھ دیر کا وقفہ کر دیا گیا۔سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو سپریم کورٹ نے ریمارکس دئیے کہ مناسب ہوگا دراخواست گزار مجاز فورمز سے رجوع کریں۔

سپریم کورٹ نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی کیخلاف کارروائی کی درخواست نمٹا دی۔خیال رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریٹائرمنٹ کے بعد قانونی رکاوٹ توڑنے ،مختلف ایونٹس کو غلط اور من گھڑت طریقے سے بیان کرنے کے الزام میں ایف آئی اے ، سابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کو نوٹس جاری کر دئیے تھے۔۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے راولپنڈی کے شہری عاطف علی کی درخواست پر سماعت کی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے اس حوالے سے تحریری حکنمامہ بھی جاری کر دیا۔