لندن میں سیاحت کے سب سے بڑے عالمی فیسٹیول ورلڈ ٹورازم مارٹ کا آغاز

لندن میں سیاحت کے سب سے بڑے عالمی فیسٹیول ورلڈ ٹورازم مارٹ کا آغاز ہو گیا ہے۔ ورلڈ ٹورازم مارٹ (ڈبلیو ٹی ایم) میں پاکستان پویلین کا افتتاح وزیر مملکت برائے سیاحت اور امور نوجوانان کیلئے وزیراعظم پاکستان کے خصوصی مشیر معروف شاعر وصی شاہ نے کیا۔

اس موقع پر برطانیہ کے لیے لندن میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ 

وصی شاہ کی قیادت میں پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی)، صوبائی محکمہ سیاحت، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان دنیا کے سب سے بڑے ٹریول شو میں شرکت کر رہے ہیں۔

ٹریول مارٹ کے انتظامات کو سراہتے ہوئے وصی شاہ نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے سیاحتی مقامات سے متعلق نمائش ڈبلیو ٹی ایم جیسے شوز سے آنے والے دنوں میں مزید سیاحوں کو پاکستان کی طرف راغب کرنے میں مدد ملے گی۔ 

وزیر سیاحت نے کہا کہ پاکستان کو دنیا کے خوبصورت ترین مناظر اور ثقافتی تنوع سے نوازا گیا ہے جس سے پاکستان سیاحتی اعتبار سے بہترین ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت کو سہارا دینے کے لیے پاکستان میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ پر یقین رکھتی ہے۔ وزیر سیاحت نے اس سلسلے میں شرکاء سے تجاویز بھی حاصل کیں اور انہیں حکومت پاکستان کی طرف سے سیاحت کی صنعت میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

ورلڈ ٹریول مارٹ میں ملکی سیاحت کی بھرپور عکاسی کرتے ہوئے پاکستانی پویلین نے لاکھوں کی تعداد میں سیاحوں، بین الاقوامی ٹریول کمپنیوں کے نمائندوں اور سوشل میڈیا پر اثر انداز ہونے والوں کی توجہ حاصل کی۔

وزیر سیاحت وصی شاہ پاکستان پویلین کے افتتاح سے دن کے اختتام تک مستقل پاکستان پویلین میں موجود رہے، تمام دن بھرپور طریقے سے پاکستانی ٹورزم کے فروغ کے لئے ہر بریفنگ میں شریک رہے اور مختلف ممالک کے وفود اور وزرا سے ملاقاتیں کیں اور انہیں پاکستان کی خوبصورتی سے آگاہ کیا۔

 وصی شاہ کی اس کمٹمنٹ کو پاکستانی ٹور آپریٹرز، پاکستانیوں کی کثیر تعداد، میڈیا اور یہاں تک کہ بین الاقوامی وفود تک نے بے حد سراہا۔

ورلڈ ٹریول مارٹ میں پاکستان پویلین ان لوگوں کی توجہ کا مرکز بھی تھا جو اس سے قبل سیاحت کے لیے پاکستان آچکے ہیں اور پاکستان کے دیگر سیاحتی مقامات دیکھنے کے لیے دوبارہ پاکستان آنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

ڈبلیو ٹی ایم لندن دنیا کے سب سے بڑے ٹریول شوز میں سے ایک ہے اور سیاحوں کو دنیا کے 5,000 سے زیادہ بڑے مقامات اور برانڈز سے متعارف کراتا ہے۔ ورلڈ ٹریول مارٹ 6 نومبر سے 8 نومبر 2023 تک جاری رہے گا۔