سیکیورٹی فورسز پر دہشتگردوں کے حملوں کی نئی لہر کے ساتھ سوشل میڈیا پر بھی پاکستان مخالف مہم شروع ہوگئی ہے۔
3 نومبر کو پسنی میں فورسز کے قافلے پر حملے میں 14 فوجی جوان شہید ہوئے، 4 نومبر کو میانوالی ایئربیس پر دہشتگردوں نے ناکام حملہ کیا، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 9 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔
مگر دہشتگردوں کے فورسز پر حملوں کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف پوسٹس کا سیلاب امڈ آیا ہے۔
’را‘ سے جڑے ایکس اکاؤنٹس نے میانوالی حملے سے پہلے ہی اشارہ دیا ’کچھ بڑا ہونے والاہے‘۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر پیشگی آنے والی پوسٹس اشارہ کرتی ہیں دہشتگردوں اور ’را‘ کا گٹھ جوڑ ہے، میانوالی ایئربیس حملے کی ناکامی کے بعد بھارتی میڈیا نے پروپیگنڈا شروع کیا کہ پاک فضائیہ کا بہت نقصان ہوا ہے۔
بھارتی خفیہ ایجنسی سے جڑے اکاؤنٹس پر کہا گیا پاکستان کے نقصان پر خوشیاں منائی جائیں، جبکہ ایک سیاسی جماعت سے جڑے ٹرولز نے بھی شہداء کی بے حرمتی میں ہندوستانی پروپیگنڈا کا ساتھ دیا ہے۔