ہمیں سپر اسٹار کی نہیں، سپر سسٹم کی ضرورت ہے، جہانگیر ترین

ہمیں سپر اسٹار کی نہیں، سپر سسٹم کی ضرورت ہے، جہانگیر ترین

استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سربراہ جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ ہمیں سپر اسٹار کی نہیں، سپر سسٹم کی ضرورت ہے، پاکستان میں اچھے کام بھی ہوئے لیکن چلتے منصوبوں کو ختم کر دیا گیا۔

حافظ آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے ایک دوسرے پر الزامات کی وجہ سے وقت ضائع کیا گیا، وقت آگیا ہے سب مل کر ساتھ چلیں، ملکی مفاد سب سے پہلے ہے۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ ترقی کا عمل کہیں نہیں رکنا چاہیے، وہی وعدے کریں جو پورے کر سکیں، عوام کو ایسی سہولتیں دیں گے کہ انہیں بھوکا رہنے کا خوف نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو ہنر مند تعلیم کی سہولت دیں گے، خواتین ملک کا اثاثہ ہیں، انہیں سہولتیں فراہم کریں گے، آسان شرائط پر بینکوں کے ذریعے قرضے دلوائیں گے، ہم نے لوگوں پر پیسا خرچ کرنا ہے تاکہ ان کی زندگیاں آسان ہوں۔

 استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما علیم خان  نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ  2018 میں پیٹرول 95 اور آج 290 روپے لیٹر ہے، 5 سال کے دوران بجلی کی قیمت میں بھی کئی گنا اضافہ ہو چکا۔ آٹے، دال، گھی اور چینی کی قیمتوں میں بھی 5 سال کے دوران تین گنا اضافہ ہوا، تین سال تحریک انصاف کی حکومت اور 2 سال پی ڈی ایم کی حکومت رہی۔

علیم خان نے کہا کہ ہماری حکومت میں ہر مزدور کی تنخواہ 50 ہزار روپے کی جائے گی، ہمیں شوکت خانم اسپتال دکھا کر سب سے نالائق آدمی ہم پر مسلط کیا گیا، عثمان بزدار آج اپنے علاقے میں آرام کر رہا ہے۔