پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے آئینی عہدے پر بیٹھ کر آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔
ترجمان تحریک انصاف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 18 ماہ میں سکندر سلطان راجہ نے چار بار آئین کی پامالی کی۔
پی ٹی آئی نے کہا کہ دستور سے انحراف پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا محاسبہ کیا جائے۔
پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم نامے نے چیف الیکشن کمشنر کے مجرمانہ کردار پر مہر ثبت کی ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن نے صدر عارف علوی سے مشاورت کے بعد 8 فروری کو عام انتخابات کا اعلان کردیا۔
سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن نے 11 فروری کو انتخابات کی تجویز دی تھی جس پر چیف جسٹس نے صدر مملکت سے آج ہی مشاورت کا حکم دیا تھا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے درمیان ملک میں عام انتخابات کی تاریخ پر اتفاق رائے ہوگیا۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عام انتخابات جمعرات 8 فروری 2024 کو کروانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔